آپ سے کچھ کہنا ہے

بزرگ کہتے ہیں جیسا آپ رمضان کا مہینہ گزارتے ہیں ویسا ہی آپ کا پورا سال گزرتا ہے۔ یعنی اگر آپ نے ماہ رمضان میں روزانہ تلاوت قرآن پاک کا معمول رکھا ہے تو انشاء اللہ عام دنوں میں بھی یہ معمول آپ سے نہیں چھوٹے گا۔ اگر آپ نے اس مبارک مہینے میں خوب صدقہ و خیرات کیا ہے تو باقی مہینوں میں بھی  آپ کے دل میں غریبوں کی مدد کرنے کا جذبہ فروزاں رہے گا۔ یہی حالت نماز اور دیگر عبادات و فرائض کی ہے۔ اس لیے رمضان کے مہینے کو عمدہ طورطریقے سے گزارنا بہت ضروری سمجھا جاتا ہے۔

یوں سمجھ لیں رمضان کا مہینہ بیج بونے کا وقت ہے۔ آپ خوب محنت کر کے کھدائی کریں اچھی قسم کا بیج بوئیں بہترین کھاد استعمال کریں پھر ہوا پانی اور روشنی کا خیال کریں تو بعید نہیں کہ آپ کی فصل بھی آ پ کی محنتوں کا مظہر ہو گی۔ آپ کی فصل خوبصورت اور بہترین ہو گی۔

اب رمضان ختم ہو رہا ہے۔  امید ہے آپ نے   عبادت  اور خدمتِ خلق  کے بیج خوب اچھی طرح بوئے ہوں گے۔ برقت نمازیں ادا کی ہوں گی۔ تھکاوٹ کے باجود محبت سے تراویح ادا کی ہو گی۔ سخت گرمی کے روزوں میں بھوک  پیاس برداشت کی ہو گی۔غرباء و مساکین کی افطاری کروائی ہو گی۔

اگر آپ نے یہ رمضان لاپرواہی اور سستی  میں گزار دیا تو رنجیدہ ہونے کی بات نہیں۔ بلکہ عزم  کے ساتھ دعا کریں کہ اگلا رمضان انشاء اللہ پوری پوری کوشش کروں گی کہ عمدہ طریقے سے گزار سکوں۔  

اور ہاں!  ا ٓخری بات یہ کہ عیدکا دن خوشی کا دن ہوتا ہے۔ کوشش کریں کہ اس دن کو نہ صرف اپنے لیے بلکہ پڑوس رشتہ دار اور ضرورتمند لوگوں کے لیے بھی خوشی کا دن بنائیں۔ اگر آپ نے یہ کر لیا تو یقین کریں اس سے زیادہ خوشی کی بات اور کوئی نہیں!


 {rsform-7}