امریکی سکالر، شیخ یاسر قاضی:
یہ 1992 کے موسم گرما کی بات ہے۔ میں یونیورسٹی آف ہیوسٹن میں زیر تعلیم تھا جب جنید جمشید اپنے بینڈ وائٹل سائنز کے ساتھ ہمارے کیمپس میں موسیقی پر مشتمل دورہ کرنے آئے۔ سینکڑوں مسلمان طلبا شرکت کے لیے گئے اور جیسا کہ ظاہر ہے وہاں معمول کی موسیقی، رقص اور گانے کا انتظام تھا۔ ہماری مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن (جس کا میں ایک لازمی حصہ تھا!) نے اس تقریب کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا اور اشتہارات تقسیم کیے جس کا مقصد مسلمانوں کو یہ یاد دہانی کرانا تھا کہ ایسی مجالس میں شرکت کرنا ان کے لیے مناسب نہیں ہے۔جنید کے ہال کے باہر اس 'احتجاج' کا میں بھی حصہ تھا۔
پھر اللہ تعالی نے جنید کو ہدایت دی، انہوں نے موسیقی ترک کر دی اور ایک مبلغ بن گئے۔
15 سال بعد جب میں نے مدینہ سے گریجویٹ کر لیا، 2007 کے موسم گرما میں لندن میں اسلام چینل کے تعاون سے منعقد ہونے والے GPU Event میں جنید جمشید سے ملاقات ہوئی تو ان کو اس کہانی سے آگاہ کیا۔ یہ ملاقات ہم دونوں کے ایک ہی سٹیج پر مغربی دنیا کے سب سے بڑے اجتماع – تقریبا چالیس ہزار حاضرین- سے خطاب کرنے کے چند منٹ بعد ہو رہی تھی۔ میں نے ان سے کہا کہ اللہ تعالی کیسے حیران کن طریقے سے کام کرتے ہیں۔ ایک دن میں ان کی محفل موسیقی کے خلاف کوششیں کر رہا تھا اور آج ہم دونوں ایک ہی سٹیج پر ایک ہی پیغام کے لیے موجود تھے۔ میں نے انہیں اپنی دعا کی کتاب کا ایک نسخہ بھی تحفے میں دیا۔ وہ اس بات پر اتنے متاثر اور جذبات سے اس قدر مغلوب ہو گئے کہ بے اختیار مجھے گلے لگا لیا جو کہ میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ میں نے دیکھا کہ ان کی آنکھوں میں آنسو امڈ آئے تھے۔
بے شک اللہ ان لوگوں کا مقام بلند کرتا ہے جن سے وہ راضی ہوتا ہے اور ان کے لیے اس دنیا میں بھی محبت لکھ دیتا ہے۔
اللہ تعالی جنید جمشید کی موت کو بطور شہادت قبول فرمائیں (حادثے میں وفات پانے والےباقی تمام لوگوں کے ساتھ) اور ان کے خاندانوں کو صبر اور سکون عطا کریں۔
میں یقین نہیں کر سکتا کہ انہوں نے اپنی آخری نماز جمعہ کی امامت میں ان دو آیات کو تلاوت کے لیے چنا کیونکہ اس حادثے کی روشنی میں یہ عجیب المناک انداز میں خوبصورت معلوم ہوتی ہیں۔ پہلی رکعت میں انہوں نے سورہ بقرۃ کی آیات نمبر 53 تا 57 تلاوت کیں جس میں اللہ کی راہ میں وفات پانے والوں کا ذکر ہے کہ وہ مرتے نہیں بلکہ اپنے رب کے ہاں زندہ ہیں اور ہمیں حکم ہے کہ ہر مصیبت کے وقت میں کہہ دیں، 'بے شک ہم اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔'
دوسری رکعت میں انہوں نے سورہ فصلت کی آیات 30 تا 33 تلاوت کیں جو بتاتی ہیں کہ انسانوں میں سب سے افضل وہ ہیں جو اللہ کی طرف دعوت دیتے ہیں، اچھے کام کرتے ہیں اور اپنے ایمان کا اعلان کرتے ہیں۔ اللہ ایسے لوگوں کو موت کے وقت تسکین و راحت پہنچائے گا۔ فرشتے خود جنت میں خوش آمدید کہتے ہوئے ان کو تسلی دیں گے۔
یہ بات کس قدر متاثرکن ہے کہ ان کی آخری آیات یہ تھیں۔ ان شاءاللہ ان کی خوبصورت وفات کے ساتھ ،جس سے اللہ نے ان کو نوازا ، یہ ایک مثبت نشانی ہے۔
امریکی سکالر، نعمان علی خان:
(جنید جمشید کی خوبصورت یاد میں)
میں اپنی ٹین ایج میں تھا جب وائٹل سائنز دل دل پاکستان کے ساتھ نمودار ہوا۔ تب سے انکا میوزک چاہے بینڈ کے ساتھ ہو یا سولو، میری زندگی کا نہ جدا ہونے والا حصہ بن گیا۔ مجھے دل سے ان کے تقریبا سب گانے یاد تھے۔ شاید اب بھی ہیں۔
مجھے انکو جاننے کا موقع ان کی تبدیلی کےبعد ملا۔ وہ مجھے ایک امریکہ میں عربی پڑھانے والے پاکستانی نوجوان ٹیوٹر کے طور پر جانتے تھے۔ ہم ایک دوسرے کے زیادہ قریب نہیں تھے۔ لیکن پچھلے کچھ سالوں میں ہم نے ایک دوسرے کو بہت جانا اور بیشک ہم دونوں کی مشترکہ انسپیریشن مولانا طارق جمیل صاحب تھے۔
ان سے ذاتی ملاقات کے زریعے مجھے ہماری جنریشن کی ایک بہت بڑے ثقافتی شخصیت کی نان سیلیبریٹی سائڈ دیکھنے کا موقع ملا۔ ان کی حس مزاح، نوجوانوں کے لیے ان کی فکر، شکرگزاری اور عاجزی کمال کی تھی۔ (جو میرے لیے بہت حیران کن تھا کیونکہ وہ شروع سے ہی بہت مشہور رہے دنیا میں) انہوں نے مجھے فون کیا اور میرے لیے دعا کی اور جب میں نے انکو شک کے فائدے کی بات کہی تو انہوں نے میرا شکریہ ادا کیا۔ میں انکو اکثر واٹس ایپ کیا کرتا تھا۔ وہ مجھے کہتے وہ مجھے اپنا چھوٹا بھائی سمجھتے ہیں۔ جب میں نے ان سے اپنے پاکستان آنے کا پلان ڈسکس کیا تو انہوں نے بڑے بھائی کا کردار ادا کرتے ہوئے کہا فکر مت کرو میں سب سنبھال لوں گا۔
میں ایک گلوکار کی حیثیت سے فین سے زیادہ ایک دوست اور بڑے بھائی کی حیثیت سے انکا فین تھا۔ میں انکو پرانی باتوں کی وجہ سے اکثر چھیڑتا بھی تھا اور یہ بہت خوبصورت ہوا کرتا تھا۔ وہ بس اتنا کہتے 'ویل نعمان، اسکا بس یہی مطلب ہے کہ تمہارا میوزک کا ٹیسٹ بہت اچھا ہے۔
ایک انسان جس کے پاس وہ سب تھا جسکا ایک نوجوان خواب دیکھتا ہے اور انہوں نے یہ سب کچھ چھوڑا اس راستے کی خاطر جسکا انہیں علم تھا کہ اس راہ میں انکو تعریف کم اور تنقید زیادہ ملے گی۔ ایک آرٹسٹ اور ایک انٹرٹینر جو اپنے لاکھوں فین کی طرف سے آنے والی محبت اور تعریف کو تضحیک اور تنقید میں بدلنے کے لیے تیار تھا۔ ایک انسان جس نے فرقہ پرستی کی بھیانک شکل دیکھی اور تذلیل برداشت کی اسی مذہب کے نام پر جس کے لیے اس نے سب کچھ قربان کردیا تھا۔ اور ایک انسان جسکو اللہ نے ایک شہید کے طور پر واپس بلانے کا فیصلہ کیا۔
میں ہمیشہ ان کو ایک ایسے انسان کے طور پر یاد رکھوں گا جس نے اپنے عقیدہ پر مضبوطی سے قائم رہ کر زندگی گزاری اور ہمشہ اللہ کا شکرگزار رہوں گا کہ میں جنید جمشید کو اپنا دوست کہہ سکتا ہوں۔
ایک زبردست شخص، ایک زبردست زندگی۔ ہم انکی میراث کو تحریک بناتے ہیں ایک بہتر تبدیلی کے لیے۔ اگر اللہ انکو مزید طاقت اور ہمت دیتا تو وہ اسکو بھی زندگی کے مقاصد کی تلاش میں نکلے نوجوانوں کے لیے وقف کردیتے۔
اللہ انکی، انکی اہلیہ اور طیارے کے حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد کی شہادت کو قبول فرمائے۔
آپکی کمی محسوس ہوگی جنید بھائی۔
آپکا چھوٹا بھائی نعمان۔
امریکی سکالر، امام طاہر انور:
(جنید جمشید کی وفات پر چند تاثرات)
شیخ نعمان بیگ کے توسط سے مجھے جنید بھائی سے ملنے کا موقع ملا جب وہ چند برس قبل یہاں (سان جوز) آئے تھے۔ ایک مرتبہ وہ انسٹیٹیوٹ آف نالج کی تقریب کے سلسلے میں آئے تھے اور دوسری دفعہ گرینڈ مولد کے لیے آنا ہوا۔ آج صبح اٹھا اور یہ خبر سنی تو بالکل سکتے اور دل شکستگی کی حالت میں بیٹھا رہ گیا۔ پھر یہ احساس گہرا ہونے لگا کہ موت رب کی مرضی کے مطابق کسی بھی لمحے، کسی بھی جگہ اور کسی بھی طریقے سے آ سکتی ہے۔ کچھ چیزیں میرے ذہن میں آئیں۔
ہم اپنا آخری ہفتہ کس طرح گزاریں گے؟ ہم کس چیز میں مشغول ہوں گے؟ تبلیغی جماعت سے اتفاق ہو یا اختلاف، مگر یہ ایک جماعت ہے جس میں لوگ اپنے گھروں کا سکون چھوڑ کر دوسروں کو اللہ کی طرف دعوت دینے کے لیے نکل پڑتے ہیں۔ اس میں وہ خود کو خدا اور انسانیت سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کی یاد دہانی کراتے ہیں اور لوگوں کو مسجد کی طرف بلاتے ہیں۔ کسی تقریب یا بازار کی طرف نہیں بلکہ اللہ کے گھر کی طرف بلاتے ہیں۔ اپنے گھر میں موجود آرام دہ بستر سے دور، کسی مسجد میں رات بسر کرتے ہوئے۔ انہوں نے اپنی زندگی کا آخری ہفتہ لوگوں کو اللہ کی طرف دعوت دیتے ہوئے گزارا۔
ہماری آخری ٹویٹ یا سوشل میڈیا پر آخری پوسٹ کیا ہو گی؟ فیس بک پر ان کی آخری پوسٹ جمعہ 2دسمبر کی تھی۔ ان کی آخری ٹویٹ جنت ارضی اور اللہ کے راستے میں ہونے کے بارے میں تھی۔ انہیں معلوم نہیں تھا کہ یہ ان کی آخری ٹویٹ یا آخری پوسٹ ہو گی ۔ چیزوں کو مثبت کھیں۔
انہوں نے اپنے پیچھے کیا چھوڑا؟ انہوں نے ہمارے لیے وہ خوبصورت شاعری باقی رہنے دی جس میں رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت، توبہ اور اللہ سے ملاقات کی باتیں ہیں۔یا اللہ! یہ کیسا تحفہ ہے جو وہ پیچھے چھوڑ گئے! لاکھوں لوگ یہ الفاظ سنیں گے اور اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ و سلم سے محبت کرنے لگیں گے۔کیسا دائمی صدقہ ہے یہ!
اللہ تعالی ان تمام لوگوں پر اپنی رحمت نازل کریں جو اس حادثے میں وفات پا گئے، ان کے درجات بلند کریں اور ان کے اہل خانہ کو صبر عطا کریں۔ آمین!
داؤد محمد- اسلامک ریلیف، امریکا:
میں جنید سے پہلی مرتبہ 2009 میں ایونٹ آف انسپریشن کے دورے پر UK میں ملا تھا اور ان کی صلاحیتوں اور سٹیج پر موجودگی سے دنگ رہ گیا تھا۔ اس دورے کے دوران ہم نے ایک شہر سے دوسرے تک گاڑی میں سفر کیا اور مجھے ان کی ہمراہی کا شرف حاصل ہوا۔ کسی کے ساتھ سفر کے دوران ایک دوسرے کو اچھی طرح سے جاننے کا موقع ملتا ہے۔ لوگ بے تکلف ہو جاتے ہیں ۔ وہ اور Outlandish تقریباتمام سفر کے دوران گاتے رہے تھے۔
اگلے سال ہم انہیں امریکا لائے اور انہوں نے Native Deen کے ساتھ Children in Need کے لیے چھ شہروں پر مشتمل دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے اردو میں نشید پڑھے اور مجھے لوگوں سے تبصرے سننے کو ملے کہ اردو سے نا واقفیت کے باجود وہ مسحور ہو گئے تھے۔ پھر چند اور مرتبہ اسلامک ریلیف کے لیے بلایا۔ بہت شفیق انسان تھے، خود اپنے آپ کو اس مقصد کے لیے وقف کر دیا اور ہمارے کفالت یتیم پروگرام کی بھی رکنیت اختیار کی۔ اپنے ارادوں اور کاموں کے بارے میں بے حد پرجوش ، رحمدل انسان تھے۔مجھے مذاقا کہتے کہ میں ان کا پسندیدہ پٹھان ہوں۔ ان کی مسکراہٹ بھلائی نہیں جا سکتی، یہ آپ کو خوش کر دینے کی صلاحیت رکھتی تھی۔ ان کی کمی واقعتا محسوس ہو گی۔
گلوگار ذیشان شاہ :
نوے کی دہائی میں پاکستان میں رہتے ہوئے جنید جمشید اور ان کے بینڈ وائٹل سائنز سے واقف نہ ہونا ممکن نہ تھا۔ان کے کونسرٹس میں جانا، ان کی موسیقی سننا اور فخریہ اونچی آواز میں دل دل پاکستان گانا، اس سب کی بہت پسندیدہ یادیں میرے پاس محفوظ ہیں۔ پاکستان میں ان کے جیسی کوئی مثال نہیں ملتی ۔ پاکستان کے اپنے جوانوں کا بینڈ!
مگر پھر میں امریکا چلا گیا اور پاکستانی موسیقی سے تمام تعلق ختم ہو گیا۔ زیادہ عرصہ نہیں گزرا تھا کہ جنید جمشید میں آنے والی تبدیلی اور انکی روحانی بیداری کا سننے میں آیا۔ انہوں نے موسیقی کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ میں اس بارے میں ان کے لیے صرف عزت رکھتا تھا۔ جب وہ اپنی مشکلات سے نبرد آزما تھے، مجھے بھی اپنی جدوجہد کاسامنا تھا۔ مجھے یاد ہے کہ اس دوران یوٹیوب پر میں نے ان کی ایک گفتگو سنی تھی۔ وہ بے حد پر اثر تھی اور میں اس کے ہر لفظ کو خود پر منطبق کرسکتا تھا۔ لاعلمی میں ہی وہ میرے رہنما بن گئے تھے۔ انہوں نے اپنی مثال سے دکھایا کہ اللہ کے لیے خود کو کیسے بدلا جاتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ ایسی ہی مشکلات میں پھنسے بہت سے لوگوں کے لیے وہ ایک حقیقی تحریک تھے۔
اگرچہ وہ اپنے گرد موجود لوگوں کے ستائے اور آزمائے ہوئے تھے، اپنی غلطیوں کے لیے معافی مانگنے سے وہ کبھی نہ ہچکچائے اور نہ ہی کبھی خود کو اس سے بلند خیال کیا۔ یہ چیز خاصی ہمت طلب ہے اور جس قسم کے وہ انسان تھے اس بارے میں بہت کچھ کہہ دیتی ہے۔
جنید بھائی مجھے ہمیشہ اسی طرح یاد رہیں گے۔ ایک ایسا شخص جس نے اللہ کے لیے سب کچھ تیاگ دیا اور صرف اسی پر بھروسہ کیا۔ انہوں نے مجھے عاجزی، وقار اور صرف اللہ کی رضا اور اس کی جنت کے لیے کام کرنے کا جذبہ سکھایا۔ باقی سب کچھ پھر اسی کے بعد آتا ہے۔
برطانوی سکالر، فاطمہ برکت اللہ:
اللہ جنید جمشید بھائی، ان کے خاندان اور طیارے کے حادثے میں جاں بحق تمام لوگوں کی مغفرت فرمائے اور ان کو جنت نصیب کرے۔
انہوں نے اپنی زندگی کا رخ ایسے وقت میں موڑ دیا جب وہ ایک مشہور پاپ سٹار بنے رہ سکتے تھے۔ انہوں نے دنیا کی لذت کو چھوڑ کر آخرت کی لذت کو چنا اور دوسروں کو اسی راستے کی طرف دعوت دینا اپنا مقصد بنا لیا۔
ہم ان سے کچھ سال پہلے ملے تھے اور تب انہوں نے ہم سے چند اچھی باتیں کی تھیں۔ میرے شوہر بتاتے ہیں کہ وہ ہمارے دور دراز کے رشتہ دار تھے۔ رحمہ اللہ، سبحان اللہ! ان کے نشید مکہ اور مدینہ کی طرف لوٹنے اور اللہ کو چاہنے کا جذبہ جگاتے ہیں۔اللہ تعالی ان کے اہل خانہ کو صبر دیں اور ہم سب کو اس واقعے سے اپنی زندگیاں درست سمت موڑ دینے کی تحریک حاصل ہو، قبل اس کے کہ ہمارا نام بھی ایک ہیش ٹیگ بن جائے جس کے بارے میں لوگ ٹویٹ کریں یا پیغامات کا تبادلہ کریں۔ آمین!
بھائیو اور بہنو!ہمارے دل اپنے بہن بھائیوںاور ایک داعی الی اللہ کے گزر جانے پر تکلیف میں ہیں مگر اللہ کی طرف سے بار بار یاد دہانی ملتی ہے کہ ہمارا وقت بھی عنقریب آنے والا ہے۔ عزیز بہن! عزیز بھائی! اللہ کی طرف آجاؤ! زندگی اللہ کی اطاعت میں نہ گزارنے کے لیے بہت مختصر ہے۔
محمد الشِناوی:
اے اللہ! جنید جمشید اور اس طیارے کے تمام لوگوں کا جن کے بارے میں ہم امید رکھتے ہیں کہ آپ نے انہیں شہداء کے طور پر چن لیا ہوگا، سب کا خوبصورت استقبال کیجیے۔ ہم گواہی دیتے ہیں کہ اس نے آپ کو راضی کرنے کے لیے بہت کچھ چھوڑ دیا ۔ آپ ہی اس کے منصف حقیقی ہیں اور ہماری سوچ سے بڑھ کر رحم فرمانے والے ہیں۔
بھارتی اداکار ، رشی کپور:
پی کے 661میں جنید جمشید کی شہادت کی خبر پر رشی کپور نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں لکھاکہ ”اللہ انہیں جوار رحمت میں جگہ دے ، پی آئی اے پرواز میں شہید ہونیوالوں کیلئے وہ اظہار ہمدردی کرتے ہیں ، ہم نے جنید جمشید کی شکل میں ایک کلاکار کھودیا، اللہ تمام پر رحم کرے،آمین“۔
اداکارہ ، صوفیہ چوہدری:
اداکارہ صوفیہ چوہدری نے بھی جنید جمشید کے خاندان کیساتھ اظہار تعزیت کیا۔انہوں نے بھی ٹوئیٹر پر لکھاکہ ”بہت افسوس، نوجوانی میں میں نے ان کیساتھ ایک البم کیلئے گایا ، وہ پاپ گلوکاری کا روشن ستارہ تھے ، جنید جمشید اور تمام شہداءکیلئے دعا ہے کہ اللہ انہیں جوار رحمت میں جگہ دے۔
بھارتی اداکار ، عامر خان:
عامر خان کاکہنا تھا کہ جنید جمشید سے ملاقات حج کے دوران ہوئی اور جب میں اپنی والدہ کے ساتھ تھا تاہم اس کے علاوہ بھی ان سے ملاقات ہوئی اور ہر بار میں نے جنید جمشید کوبہت اچھا انسان پایا۔ جب جنید جمشید کی موت کی خبر سنی تو مجھے انتہائی افسوس ہوا اور صدمہ پہنچا کیونکہ یہ ایک انتہائی المناک واقعہ ہے۔