ماں جی صحن میں پودوں کو پانی دے رہی تھیں کہ پھٹ پھٹاتا ہوا رکشہ بالکل گھر کے دروازے سے آن لگا ۔ دروازے کی جھری سے انہوں نے جھانک کر جو دیکھا تو ماہا کو صبح صبح دیکھ کر ان کا ماتھا ٹھنکا ۔اپنی اس بیٹی کی معاملات میں جلد باز،کام میں سست ،جی بھر کر خودسر اور نادان طبیعت کے باعث انکا دل ویسے ہی اسکی طرف سے کھٹکتا ہی رہتا تھا اور بلا کسی پیشگی اطلاع کےصبح صبح یوں رکشہ پکڑ کر آجانا ویسے ہی کئی سوال اٹھا رہا تھا۔ انہوں نے لپک کر دروازہ کھولا......
تو ماہا رکشے میں بیٹھی ڈرائیور سے بحث میں الجھی ہوئی تھی کہ جب وہ کام کرنے نکلا ہے تواسکے پاس ہزار کا کھلا کیوں نہیں موجود ۔ غریب رکشے والا ابھی ان جوابات پر روشنی ڈال ہی رہا تھا کہ ماں جی بڑا سا چادر جیسا دوپٹہ سر پر جماتی سلیقے سے لپیٹے ہوئے باہر آگئیں۔بیٹی سے علیک سلیک کے بعد رکشے والے سے بولیں ۔
’’اے بیٹا تم اس پھٹ پھٹی کو تو ذرا دم کے لیے بند کر دو۔ کان پڑی آواز نہیں آتی مجھے تو۔‘‘ رکشے والے نے سعادت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوراً ہی انجن بند کرڈالااور بڑی ترنگ سے بولا ۔ ’’لو امّاں اور حکم ؟‘‘
ماں جی نے بھی لمحہ ضائع کیے بغیر اسے کہا۔’’ بیٹا ذرا دیر یہ دروازے کے ساتھ والی بینچ پر بیٹھ جاؤ جب تک چائے پی لو تب تک ملازم قریبی دکان سے کھلے پیسے لے آتا ہے۔‘‘
پھرانہوں نے فوراً ہی ملازم کے ہاتھوں اسے ناشتے کی ٹرے بھجوادی۔ اس سے پہلے کہ ماہا گھر میں موجود بھاوج اور چھوٹے بھتیجے سے ملنے ملانے میں وقت لگاتی، ماں جی اس کا ہاتھ تھامے بیٹھک میں اسے گھسیٹ لائیں اور حیران ہو کر پوچھا۔
’’ سب خیریت تو ہے؟ میری بچی اسطرح کیسے آگئی؟‘‘ ماہا نے جواباً بہت ہی فاتحانہ انداز میں انکی طرف دیکھتے ہوئے بتایا۔
’’میری نندوں کا تو اپنے سسرال میں دل ہی نہیں لگتا۔ بے بی باجی کے بیٹے کی آج چھٹی تھی تو جھٹ ہمارے گھر آگئیں۔ مجھے تو ایسی آگ لگی بغیر کسی سے کچھ کہے رکشہ پکڑا اور ادھر آگئی۔‘‘
اس کے جواب سے ماں جی کو یہ تو بخوبی اندازہ ہو رہا تھا کہ آگ لگنا کسے کہتے ہیں، لیکن فی الوقت انکا غصے سے کھولتا دماغ یہ سمجھنے سے قاصر تھا کہ انکو زیادہ غصہ ماہا پر آرہا ہے یا اپنے سسر اور شوہر کے ان تمام تر بےجا لاڈ پر کہ جس کی وجہ سے ماہا بڑی ہوتے ہوتے ایسی ہو گئی تھی ۔ بہرحال انکے پاس ان باتوں کا وقت نہ تھا رکشے والے کے ناشتہ ختم ہونے سے قبل انکو معاملہ نمٹانا تھا۔
انہوں نے کافی سخت لہجے میں اس سے پوچھا ۔’’تمھاری نند تمہارے گھر آگئی تو تم اٹھ کر یہاں چلی آئی۔ بغیر یہ سوچے کہ تمھاری آمد پر یہی باہر کھڑا رکشہ پکڑ کر تمھاری بھابھی اپنی ماں کے گھر چلی جائے تو تم کو کیسا لگے گا؟ گھر ہے یا تاش کے پتوں کا گھروندا کہ ایک کو ذرا دھکا لگا تو آخر تک سب گرتے چلے گئے! کبھی زندگی میں اپنی ماں کو مہمانوں سے ایسا برتاؤ کرتے دیکھا ہے؟ یاد رکھنا! مہمان کی تکریم اسکی عزت ایمان کا حصہ ہے، فون اور ڈراموں سے دھیان ہٹے تو ایمان کو سمجھنا تم!‘‘
ماں جی ڈانٹتی رہیں ۔ جب دیکھا کہ بیٹی کو بات سمجھ آگئی ہے تو پھر تھوڑا نرم ہوتی ہوئی بولیں ۔’’میری بیٹی تو بہت سمجھدار ہےکہ اتنی سی بات بھی نہ سمجھ سکے کہ ایک دن تو ہم سب کو اللہ تعالیٰ کا مہمان بننا ہی ہے سوچو ذرا کہ اللہ تعالیٰ اپنے کسی مہمان سے اس روز بات بھی نہ کرے غصه ہو جائے اسکے آنے پر۔‘‘
ماہا نے انکو بات مکمل نہ کرنے دی اور نم آنکھوں کے ساتھ ماں سے بولی۔’’ماں جی اب کیا کروں؟‘‘
ماں جی کا چہرہ یک دم کھل اٹھا۔ اسے ساتھ آنے کا اشارہ کر کے فریزر کی طرف لپکیں۔ دو پیکٹ سموسے اور کباب کے نکال کر بیٹی کو پکڑا کر بولیں۔
’’ بس یہ سرپرائز اب اپنی ساس اور نند کو کس طرح دینا ہے یہ تمھارا کام ہے ۔‘‘ماہا نے ماں کی بات سمجھتے ہوئے انکو خوش ہو کر گلے لگایا۔ مدھم سی آواز میں سوری کہا۔جلدی سے کچن میں کام کرتی بھاوج سے مل کر دروازے کی جانب لپکی ۔
ماں جی بھی پیچھے ہو لیں۔رکشے والا پلیٹ میں چمٹا ہوا جیم چاٹنے میں مصروف تھا۔ انہیں دیکھ کر کچھ خفگی اور کچھ شکر گزار لہجے میں بولا ۔
’’امّاں دیر کرادی تم نے بہوت ،اب سواری بھی ملے کہ نہیں اس ٹیم پر۔‘‘
ماہا نے کہا ۔’’ہے سواری ۔۔۔۔۔۔جہاں سے لیا تھا وہاں واپس بھی جانا ہے۔‘‘
رکشے والے نے یہ سنتے ہی چابکدستی سے رکشے میں بیٹھ کر لیور کھینچ ڈالا۔
اللہ تعالیٰ کے ڈھیروں شکر کے ساتھ اسکی حفاظت میں اپنی نگاہوں سے دور ہوتی بیٹی کو دیتے ہوئے ماں جی گھر کا دروازہ بند کرتے ہوئے مسکرا رہی تھیں ۔ رکشے کی پھٹ پھٹ انہیں زندگی بھر کبھی اتنی سریلی نہ لگی تھی جتنی اس دم لگ رہی تھی۔