آج حاضر ہے نہاری کی ترکیب وہ بھی مکمل طور پر گھر کے مصالحوں سے تیار کی ہوئی۔بازار کے تیار کردہ مصالحے استعمال کرنے میں کبھی مرچ کم یا تیز یا کبھی نمک کم یا تیز رہ جاتا ہے۔لیکن گھر کے مصالحوں سے ایک دم ایک دم پرفیکٹ ذائقہ آتا ہے۔
اجزاء:
گوشت:بونگ کا گوشت ایک کلو۔ اگر چکن استعمال کرنا چاہیں تو وہ بھی کر سکتے ہیں۔
ہڈیاں،نلیوں کے ساتھ:آدھا کلو
پیاز۔ ایک عدد درمیانے سائز کی باریک کٹی ہوئی
لہسن:چار سے پانچ جوئے
تیز پات ۔ ایک چائے کا چمچہ پسا ہوا
سونٹھ۔ ایک چائے کا چمچہ پسی ہوئی
سونف۔ ایک چائے کا چمچہ پسی ہوئی
نمک ،مرچ۔ حسب ذائقہ
ٹارٹری۔ ایک چٹکی
آٹا+کارن فلور۔ دونوں کو ملا کر چائے کا آدھا کپ لیں۔
تیل ۔ پکانے کے لیے
ہری مرچیں،ہرا دھنیہ اور ادرک باریک کٹی ہوئی۔تیار نہاری پر ڈالنے کے لیے
ترکیب:
ہڈیاں اچھے طریقے سے پکنے میں وقت لیتی ہیں اگر گوشت کے ساتھ پکائی جائیں تو گوشت جلدی گل جاتا ہے ۔اس لیے بہتر ہے کہ ہڈیاں الگ سے تھوڑا ثابت دھنیہ ڈال کر ابال لیں۔اگر پریشر ککر میں پکائیں تو ایک گھنٹہ میںبہت ہی اچھے طریقے سے پک جاتی ہیں۔
بونگ کے گوشت کے پارچے چھوٹے نہ ہوں۔ایک پتیلی میں گوشت،پیاز،لہسن،نمک،مرچ ،اور تیل ڈال کر ہلکی آنچ پر بھونیں۔جب گوشت کا پانی خشک ہو جائے تو اس میں گرم پانی شامل کریں اتنا کہ جس سے گوشت گل جائے اور پسی سونف ڈال کر پکنے رکھ دیں۔جب گوشت گل جائے تو اس میں ہڈیوں کا شوربہ جو الگ سے بنایا تھا وہ بھی شامل کریں اور پانچ منٹ تک ملا کر پکنے دیں تاکہ یکجان ہو جایئں۔اب ایک بول میں کارن فلور اور آٹے میں پانی ملا کر پتلا کریں اور اسے ابلتی ہوئی نہاری کی گریوی میں چمچہ چلاتے ہوئے ڈالنا شروع کریں۔شوربہ بہت گاڑھا نہیںلگے گا کیونکہ اس وقت گرم ہوگا لیکن ٹھنڈا ہونے پر گاڑھا ہو جائے گا۔جب مکس کر دیں تو چولھا بند کر دیں اور پسا تیز پات،پسی سونٹھ اور چٹکی بھر ٹارٹری ڈال کر ڈھکن ڈھک کر دم پر چھوڑ دیں۔
پندرہ منٹ کے بعد پتیلی کو کھول کر اس کو مکس کر لیں۔
کٹی ہری مرچ،ہرے دھنیہ اور باریک کٹی ادرک سے گارنش کریں۔مزیدار نہاری تیار ہے۔