عام طور بقر عید پر جب گھر میں بکرے کی سالم ران موجود ہو تو بہت دل چاہتا ہے خود سے اسے بھونا جائے ۔ ویسے تو یہ کام بہت تھکا دینے والا ہے۔ لیکن جب یہ تیار ہوجائے تو بہت لذیذ اور مزے دار ہوتی ہے ۔ میں نےکوشش کی ھے کہ یہ ترکیب آپ کے لیے بہت آسان کر کے پیش کروں۔
اجزا:
بکرے کی ران ایک عدد تقریبا ڈھائی سے تین کلو وزن
کچا پپیتا یا گوشت گلانے کا پاؤڈر دو ٹیبل اسپون
پیاز تین عدد بڑی
لال مرچ پسی ہوئی ڈیڑھ ٹیبل اسپون
نمک حسب ذائقہ
خشخشاش دو ٹیبل اسپون
بھنے ہوئے چنے دو ٹیبل اسپون
دہی ایک کپ
گرم مصالہ پسا ہوا ایک ٹیبل اسپون
سرکہ ایک ٹیبل اسپون
ادرک لہسن کا پیسٹ دو ٹیبل اسپون
تیل یا گھی حسب ضرورت
ترکیب:
سب سے پہلے ران پر سے تمام چکنائی اچھی طرح صاف کرلیں۔
اب ایک تیز چھری سے ہڈی تک ترچھے گہرے کٹ لگائیں۔
پپیتا باریک پیس کر سرکے میں ملالیں اور اسی میں ادرک لہسن کا پیسٹ اور نمک بھی ملالیں اور اس مکسچر کو ران پر مل دیں۔ خیال رہے کہ مکسچر بہت اچھی طرح لگانا ہے۔ کٹس کے اندر تک ہر جگہ پہنچنا ضروری ہے۔
اب اس ران کو کسی برتن میں رکھ کر ساری رات کے لیے فریزر میں یا فریج میں رکھ دیں۔ کم از کم چھ گھنٹے اسے رکھنا ہے۔
اب اسے نکال کر روم ٹمپریچر پر رکھیں اور پیاز کو کسی فرائی پین میں تیل ڈال کر سنہری کرکے نکال لیں۔
خشخاش اور بھنے ھوئے چنے پیاز کے ساتھ باریک پیس لیں۔
اور اب ایک پیالہ لے کر لال مرچ دھی اور پسا ھوا مصالہ اور گرم مصالہ مکس کرلیں اور ران پر یہ تمام مصالہ بہت اچھی طرح لگالیں کٹ میں بھی بھر لیں۔
ران بھوننے کے طریقے :
ایک طریقہ تو یہ ھے کہ آپ اسے کوئلے سلگا کر اس پر ایک گرل رکھ لیں۔ گرل نہ ہو تو تکے والی سیخیں برابر برابر رکھ کر ران ان پر ٹکا دیں اور کوئلے کی دھیمی آنچ پر سینکیں۔ جب گوشت کا پانی سوکھنے لگے تو کسی آئلنگ برش سے اس پر گھی یا تیل لگاتے جائیں۔ جب ایک طرف سے اچھی سرخ ہوجائے تو دو چمٹوں کی مدد سے احتیاط سے اسے پلٹ کر رکھ دیں اور دوسری طرف سے بھی اسی طرح سینک لیں۔
دوسرا طریقہ بہت آسان ہے کہ آپ اوون کو 200c پر بیس منٹ پہلے گرم کرلیں۔
ایک اوون ٹرے میں تیل لگاکر اسے گریس کرلیں اور مصالے والی ران اس میں رکھ کر چالیس سے پیتالیس منٹ تک بیک کریں۔
بیس منٹ تک ایک طرف سے اور بیس منٹ تک پلٹ کر اور جب ایک طرف سے ہوجائے تو ہلکا ہلکا سا گھی یا تیل برش سے اس پر لگائیں۔
جب تیار ہو جائے تو نکال کر بہت سارے گرین سلاد ، چاول اور رائتے کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔مجھے یقین ہے اس مزے دار ران کا ذائقہ اور خوشبو آپ کے مہمان برسوں بھول نہیں سکیں گے!