’’لیں جی!ہوگئی شروعات گرمیوں کی۔کرےگا نہیں من کھانے کو سامنے ہو گوشت یا مرغی کا سالن۔سبزیاں بھی کب تک کھائیں گے کھا کھا کر من ہوجائے گا تنگ۔تو  گولا کباب کی ترکیب پیش کریں گے آپ کی خدمت میں۔جس سے بڑوں کے ساتھ بچے بھی ہوں گے لطف اندوز ۔پکا کر کرلو سب کو خوش ۔تو ہو جائے گی آپکی بھی تعریف !‘‘

یہ  کچن میں ہماری کمنٹری تھی جب ہم نے گولا کباب بنائے۔گھر والوں نے تو دو دفعہ آ کر غور سے ہمیں دیکھابھی کہ کہیں  چولہے کی شدت سے ہمارے دماغ پر تو اثر نہیں ہو گیا ۔ لیکن کیا کریں! عادت سی ہو گئی ہے ۔ جو بھی پکاتے ہیں ، خود کو مشہورکچن شو کا ہوسٹ  سمجھتے ہوئے ساتھ ساتھ کمنٹری بھی کر تے جاتے ہیں۔ اب آپ یہ مزیدارگولاکباب کی ترکیب  ٹرائی کر لیں۔ کیا پتہ آپ ہی ہمیں ماہر شیف مان لیں۔ گھر والے تو شک میں ہی پڑے رہتے ہیں!

 

 

اجزاء :

قیمہ             1کلو

فرائی پیاز   آدھی پیالی۔

ادرک لہسن پیسٹ   2 کھانے کی چمچہ

ثابت دھنیا   2 کھانے کے چمچہ

سفید زیرہ   1 کھانے کا چمچہ

کچا پپیتاپسا ہوا    2 کھانے کے چمچہ

نمک، سرخ مرچ   حسب ذائقہ

دہی   1کپ

پسا گرم مصالحہ   2 کھانے کے چمچہ

سبز الائچی پاؤڈر    1/2 چمچہ

انڈے دو عدد

پسی جائفل جاوتری   1 کھانے کا چمچہ

ہری مرچ        5 عدد

چاول کا آٹا    4 چمچہ

تیل        تلنے کے لئے

ترکیب:

چوپر میں قیمہ ،فرائی پیاز، ہری مرچ ڈال کر باریک پیس لیں۔

اب اس میں انڈے، ادرک لہسن پیسٹ اور تمام مصالحہ جات مکس کریں اور 2 یا 3 گھنٹے کے بعد فریج سے نکال لیں۔

پھر اس میں دہی ،چاول کا آٹا  ڈال کر اچھی طرح مکس کریں اور گولا کباب کی شکل دیں۔

 پھر سیخوں پر چڑھا کر دھاگے سے باندھنے کےبعد گرل کرلیں یا تیل میں ایک سائیڈ فرائی کریں۔

 پک جائے تو کباب پلٹ کر دوسری سائیڈ فرائی کریں ۔

جب براؤن ہوجائے تو ان کو سرونگ پلیٹ میں نکال کر سجائیں۔

 چٹنی اور سلاد کے ساتھ مہمانوں کو پیش کرکے داد حاصل کریں۔اور ہاں خود کھانا نہ بھولیے گا۔