Harf e awwal

نسیم مشکبار بھی کیوں آج سوگوار ہے
یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے
نسیم صبح کہہ گئی دلوں پہ برق پڑ گئی
چراغ تھا جو بجھ گیا وہ انجمن اجڑ گئی
وہ مہوشوں کی ٹولیاں وہ بزم جاں بچھڑ گئی
فسردہ نظم ہی نہیں غزل بھی بے قرار ہے
یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے
یہاں چمن میں بلبلیں تڑپ رہی ہیں دیکھ لو
ہیں تتلیاں بھی دم بخود بجھی کلی ہیں دیکھ لو
غموں سے چورچور قطرے شبنمی بھی دیکھ لو


کلیجہ غم سے پھٹ گیا یہ دل بھی اب فگار ہے
یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے
وہ شفقتیں عنایتیں ہمیں رلا رہی ہیں اب
وہ انکی نیک صحبتیں ہمیں رلا رہی ہیں اب
وہ خصلتیں وہ عادتیں ہمیں رلا رہی ہیں اب
وہ فخرِ ِ گل نہیں رہا نہ رونق بہار ہے
یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے

ہر ایک سمت پیار کے دئیے جلا کے چل دیا

وہ نفرتوں کی آندھیوں کا شر مٹا کے چل دیا

محبتوں کی امن کی ہوا چلا کے چل دیا

نہ اب کوئی انیس ہے نہ کوئی غمگسار ہے

یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے

ہمیں سخنوری کے وہ اصول سب بتا گیا

وہ سادگی کے فلسفے میں محنتیں سکھا گیا

وہ بدؤں کو اہل فن زبان داں بنا گیا

ہیں اہل فن بھی سر نگوں قلم بھی اب نزار ہے

یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے

جو کر رہا تھا آئینوں کو معتبر کہاں گیا

یہ تاج جس کے سر پہ تھا وہ نامور کہاں گیا

جسے میں ڈھونڈتا ہوں اب وہ شیشہ گر کہاں گیا

وہ ا ہل دل نہیں رہا نہ زینت دیار ہے

یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے

وہ بزمِ جاں کی جان تھا وہ انجمن پذیر تھا

وہ کاروانِ زندگی کا گویا اک امیر تھا

وہ با کمال شخصیت کی خود ہی اک نظیر تھا

کسے سنائیں اب یہاں جو میرا حال زار ہے

یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے

وہ گلستاں میں آیا جب عجیب دل لگی مل

ی  گلوں میں رنگ بھر گئے کلی کو تازگی ملی

زباں کو دلکشی ملی سخن کو زندگی ملی

مگر نہ رنگ و نو ر اب نہ کوئی گل بہار ہے

یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے

ہمیں اکیلے چھوڑ کر کہاں چلے جنید اب

سجا کے انجمن یہاں وہاں چلے جنید اب

سکوت ِبیخودی میں ہو بتاؤ کچھ جنید اب

حسیں لب کھلیں گے کب  ہمیں بھی انتظار ہے

یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے

نہیں سکت ہے ضبط کی ظروف غم نچوڑ دوں

ہجوم غم سے مضطرب ہوں میکدہ بھی چھوڑ دوں

تمام شیشۂ و سبو یہیں پہ آج توڑ دوں

کہ اب وہ جام جم نہیں نہ کوئی ظرف دار ہے

یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے

ثمر مری دعا ہے یہ کہ قبر میں قرار ہو

جہاں چلے گئے ہیں وہ حضور کا جوار ہو

خدا کی رحمتیں ہوں واں کہ جنتی بہار ہو

لو خلد میں ملیں گے پھر ہمیں یہ اعتبار ہے

یہ کون چل بسا یہاں ہر آنکھ اشکبار ہے

وہ مدح خوان ِ مصطفی کبھی نظر نہ آئے گا

وہاں گیا ہے لوٹ کر کبھی وہ پھر نہ آئے گا

شہید دین ِ مصطفی سلام ہو سلام ہو

اے ناز ِ دین مصطفی سلام ہو سلام ہو

کنیزِ مصطفی پہ بھی سلام ہو سلام ہو

اے جنتی مسافرو سلام ہو سلام ہو

شاعر : ثمریاب ثمر سہارنپوری