مفتی محمد زبیر صاحب مدظلہم جید عالم دین اور معروف مذہبی اسکالر ہیں …آپ نے حفظ قرآن کے بعد ابتدائی تعلیم ’’جامعہ الصفہ سعیدآباد کراچی‘‘ میں حاصل کی ،یہ ادارہ ان کے والد گرامی شیخ الحدیث مولانا قاری حق نواز صاحب مد ظلہم کے زیر اہتمام ملک میں اہم دینی خدمات انجام دے رہا ہے ۔
......جامعہ دارالعلوم کراچی سے ۱۹۹۹ء میں امتیازی نمبرات کے ساتھ دورہ حدیث (ایم اے اسلامیات)کیا ۔
 ......راغت کے بعد دارالعلوم کراچی کے شہرہ آفاق شعبہ ’’تخصص فی الافتاء ‘‘میں داخلہ لیا اور تخصص کے تین سالہ دورانیہ میں اہم تحقیقی فتاوی تحریر فرمائے جن میں سے بعض ’’البلاغ ‘‘میں بھی شائع ہوئے ۔
......ھراپنے شیخ حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم کے مشورہ سے دارالعلوم کراچی میں بطور ’’استاذ ورفیق دارالافتاء،مقرر ہوئے۔
......تدریس وافتاء کی خدمت کے ساتھ ساتھ ایک اہم علمی کارنامہ یہ انجام دیا کہ اپنے استاذ شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم کے سابقہ پچاس سالہ وہ فتاوی جو قدیم رجسٹروں میں خستہ حالت میںموجود تھے ،کوتعلیق وتخریج اور اضافہ حوالہ جات کے ساتھ مرتب فرمایا ،جس کی اب تک تین جلدیں ’’فتاوی عثمانی ‘‘کے نام سے شائع ہوچکی ہیں …یہ فتاوی عوام الناس کے علاوہ مفتیان کرام کیلئے بھی حوالہ اور ریفرنس کا درجہ رکھتے ہیں ، آج کل ان فتاوی کی چوتھی جلد زیر ترتیب ہے ۔
......قریباًپانچ سال جامعہ دارلعلوم کراچی میں تدریس وافتاء کی خدمت انجام دینے کے بعد اپنے ادارہ جامعہ الصفہ تشریف لائے اورتاحال اسی میں حدیث وفقہ کی تدریس کے علاوہ دارالافتاء کے رئیس اور جامعہ کے نائب مہتمم کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔
......ایک بے مثال کارنامہ ’’ الصفہ ٹرسٹ ‘‘ کا قیام بھی ہے،یہ فلاحی ادارہ قائم کرکے آپ نے سیلاب اورزلزلوں جیسی قدری آفات کے ہر کڑے موقع پر اپنی ٹیموں کے ساتھ دکھی انسانیت کی بھر پور خدمت کی اور بیش بہا رفاہی اور فلاحی خدمات انجام دی ۔
......ایک اہم کارنامہ میڈیا (ریڈیو ٹی وی چینلز)پر ’’دعوت دین‘‘ کے فریضہ کی بانداز احسن ادائیگی بھی ہے ،اپنی ٹھوس ،دلنشیں اور محققانہ گفتگو کے اعتبار سے اہل علم اور عوام میںمعروف ! میڈیا پر آپکے کئی بیانات وپروگرامز عوام الناس میں بہت مقبول ہوئے ۔
QTV....... پر ایک عرصہ تک لوگوں کے آن لائن سوالات کے جوابات دیتے رہے ۔
Geo....... پر جنید جمشید کے ساتھ آپکا پروگرام …’’الم‘‘… عوام الناس خصوصاً نوجوانوں میں بہت مقبول ہوا ۔
.......آج کلDunyaTV کے پروگرام ’’پیام صبح‘‘میں آپ کے بیانات پوری دنیا میں نہایت دلچسپی اور توجہ سے سنے جاتے ہیں ،ان بیانات کے علاوہ آپ روزنامہ ’’دنیا‘‘میں بھی ہر جمعہ کو ’’دینی مسائل اور انکاحل‘‘ کے عنوان سے سوالات کے جوابات دیتے ہیں ۔
.......درس قرآن ڈاٹ کام پر بھی آپ کے بیانات کا سلسلہ جاری رہا… احباب ومتعلقین عرصہ دراز سے یہ اصرار کر رہے تھے کہ اس مقبول ومعروف دینی ویب سائٹ پر شرعی سوالات کے جوابات کا کوئی باقاعدہ سلسلہ شروع کیا جائے ۔اس سلسلے میں زبانی پیغامات کے علاوہ جو ای میلز ہمیں ملیں انکی تعداد لاکھوں میں ہے …درس قرآن ڈاٹ کام نے مفتی صاحب مدظلہم سے درخواست کی کہ وہ یہ سلسلہ شروع فرمائیں …یہ ہم سب کیلئے نہایت خوشی کا مقام ہے کہ مفتی صاحب نے اپنی بے حد مصروفیات کے باوجوداسے منظور فرماہمارے لئے وقت نکالنے کا فیصلہ فرمایا اللہ تعالی مفتی صاحب مد ظلہم کو جزائے خیر عطاء فرمائیں اور انہیں اپنے مقاصد حسنہ میں کامیابیاں عطاء فرمائیں ……یہ سلسلہ دو حصوں پر مشتمل ہوگا ،بعض سوالات کے جوابات آڈیو کی شکل میں اور بعض کے جوابات تحریری شکل ہوں گے ۔ ہفتہ بھر جمع شدہ سوالات کے جوابات جمعرات کودئیے جائیں گے…(اللہ تعالی اس سلسلے کو قبول فرمائیں ، ہم سب کیلئے دینی رہنمائی کا ذریعہ بنائیں۔ مفتی صاحب مد ظلہم،انکے والدین ومتعلقین اور درس قرآن انتظامیہ کے تمام متعلقین کیلئے اسے ’’صدقہ جاریہ ،،بنائیں۔آمین ثم آمین )